اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر آج ترکی روانہ ہوں گے، جہاں ان کی ترک صدر طیب اردگان، تاجروں اور ترک سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوگی۔وزیراعظم کے دورہ ترکی کے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق عمران خان آج شام 4 بجے ترکی کے شہر قونیہ پہنچیں گے۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ ترکی میں مولانا رومی اور
اتاترک میوزیم کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران عمران خان انقرہ میں بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی تقریب سے خطاب کریں گے۔عمران خان دورہ ترکی میں جمعہ (4 جنوری) کی صبح کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ وہ پاکستان میں دلچسپی کے خواہشمند ترک سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے۔وزیراعظم عمران خان جمعے کو ملت مسجد جائیں گے، جہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ان کے اعزاز میں ترک صدر کی طرف سے استقبالیہ دیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردگان سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی، جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس اور عشائیہ بھی دیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان عشائیہ کے بعد ترک میڈیا کو انفرادی انٹرویو بھی دیں گے۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دورہ ترکی سے واپسی جمعے کی شام کو ہوگی۔