دولت کے نشے اور طاقت کے زعم نے کراچی میں پھر ایک جان لے لی

کراچی میں سی ویو پر نوجوان کے قتل میں ملوث ملزم خاور برنی نے کہاہے کہ فائرنگ گاڑی روکنے کیلئے کی تھی۔ خاور برنی نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ غلطی سے پستول اوپر ہوگیااور گولیاں گاڑی میں بیٹھے لڑکوں کو جالگیں۔

دوسری جانب خاور برنی کی تصویریں بھی سامنے آ گئی ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ ہتھیاروں سے کھیلنا اُس کا شوق ہے، تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاور برنی کس طرح جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ پوز دیتا رہا ہے۔

دولت کے نشے اور طاقت کے زعم نے کراچی میں پھر ایک جان لے لی ، سی ویو پر گاڑیوں کی ٹکر کے بعد ڈبل کیبن گاڑی میں سوار افراد نے فائر کھول دیا ۔

مرسیڈیز میں سوار ظافر نامی 26 سالہ نوجوان موقع پر جاں بحق اور ساتھی زید شدید زخمی ہوگیا۔

فائرنگ کرکے فرار ہونے والے پانچوں ملزمان قریبی پٹرول پمپ کی سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے گرفتار کرلیا، ڈبل کیبن پک اپ کے مالک خاور برنی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ پولیس کے فارنزک ایکسپرٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزمان نے گاڑی روکنے کے لیے پہلے پیچھے سے بیک اسکرین اور ٹائروں پر فائرنگ کی ، گاڑی رکنے کے بعد بائیں جانب سے مزید 5 گولیاں ماری گئیں ۔


کراچی پولیس نے سی ویو پر فائرنگ میں 5 ملزمان کو گرفتاراوراستعمال ہونے والی ڈبل کیبن گاڑی برآمد کرلی ہے۔ ایس ایس پی سائوتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا ہے کہ ملزمان کو خالد بن ولید روڈ سے گرفتار کیا گیا ، پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔

ایس ایس پی سائوتھ کے مطابق مرکزی ملزم کی شناخت واحد برنی کے نام سے ہوئی ہے ،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔ سی ویو پر آج کار ریس کے دوران دو گاڑیوں کی ٹکر ہوئی، جس پر دونوں گاڑیوں کے سواروں میں تکرار ہوئی توڈبل کیبن میں سوار افراد نے دوسری گاڑی کے افراد پر فائرنگ کردی ، اس فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں