اب طویل عرصے تک بارشیں نہیں ہوں گی

لاہور (نیوزڈیسک) اب طویل عرصے تک بارشیں نہیں ہوں گی، محکمہ موسمیات نے گرمی کی خوفناک لہر کی پیشن گوئی کر دی، مون سون سیزن میں تاخیر کے باعث گرمی کی شدید لہر آنے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پاکستان میں آئندہ چند ہفتوں کے دوران بیشتر علاقوں کے گرمی کی خوفناک لہر کی لپیٹ میں رہنے کی پیشن گوئی کی

گئی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال موسم سرما اور موسم گرما کے آغاز میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، تاہم اب ملک میں مون سون کا سیزن تاخیر سے شروع ہوگا۔ مون سون سیزن میں تاخیر کے باعث پاکستان میں رواں سال گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں برس پاکستان میں مون سون سیزن میں تاخیر کی وجہ سے گرمی کی شدید لہر آنے کا خدشہ ہے۔ گرمی کی یہ شدید لہر کئی ہفتے تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ خصوصی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور حیدر آباد گرمی کی لہر سے سب سے زیادہ اور شدید متاثر ہوں گے۔ جبکہ ہیٹ ویوز کے نشانے پر رہنے والے کراچی میں مجموعی طور پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گرم علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ شمالی حصوں میں موسم پہلے کی طرح نمدار رہنے کا امکان ہے۔ یہ تمام تبدیلیاں گلوبل وارمنگ کا نتیجہ ہیں، محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں فراہم کردہ مزید تفصیلات کے مطابق

سندھ کے بعض اضلاع بدین، سجاول، سانگھڑ، ٹھٹھہ، عمر کوٹ اور تھرپارکر 30 مئی تک بدستور معتدل خشک سالی کا شکار رہیں گے۔ 28 مئی کے روز تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں رہا۔ سبی میں 46، تربت میں 45، لسبیلہ میں 44 اور نوکنڈی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کے کئی علاقوں میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے باعث گرمی کی شدت فی الحال کم ہے۔ تاہم آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں