پاکستانی ٹیم کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،ان کے یہ کھلاڑ ی کسی بھی وقت ’اپ سیٹ‘ کر سکتے ہیں، سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے نام بتادیے

لندن(ویب ڈیسک) انگلش ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ 2019 ءکا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ایک انٹرویو کے دوران ناصر حسین نے کہا کہ پاکستان ٹیم غیر متوقع ٹیم ہے جس کے پاس نوجوان کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت بہترین کارکردگی پیش کرسکتے ہیں اور اس

ورلڈکپ میں پاکستان کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ناصر حسین نے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں باؤلرز 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بازی کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگر وکٹ نے انہیں سپورٹ دی تو پاکستان ٹیم ورلڈکپ جیت سکتی ہے۔سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ یہ ورلڈکپ ہائی سکورنگ ہوگا، اگر سرفراز احمد نے اپنے نوجوان باؤلروں کو پورا موقع دیا کہ وہ چاہے جتنے بھی رنز دیں، انہیں جوز بٹلر، ویرات کوہلی، ایم ایس دھونی، سٹیو سمتھ یا کین ولیمسن کی وکٹ چاہیے تو یہی چیز ٹائٹل جیتنے اور ہارنے کے درمیان فرق کو واضح کرے گی۔ناصر حسین نے چیمپئنز ٹرافی 2017 ءکے فائنل میں بھارت کے خلاف فخر زمان کی سنچری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثبوت ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن کیا کچھ کرسکتی ہے اور فخر زمان وہ کھلاڑی ہیں جو پاکستان کو اچھا سکور کر کے دے سکتے ہیں،پاکستانی بیٹنگ لائن اپ میں موجود بابر اعظم پاکستان کو 300 کا مجموعہ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، تجربہ کار محمد حفیظ اور شعیب ملک اپنی کارکردگی سے ٹیم کو سہارا دے

سکتے ہیں۔ناصر حسین نے محمد عامر کو بڑے میچ کا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جس طرح وکٹیں حاصل کیں وہ بہت شاندار تھیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ جب محمد عامر کا دن ہوتا ہے تو وہ اس دن کے بہترین کھلاڑی ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں